5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
توہین عدالت:سپریم کورٹ نے عبدالحمید ڈوگر کا معافی نامہ قبول کرلیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے سابق جج عبدالحمید ڈوگر نے پی سی او کا حلف اٹھانے پر معافی مانگ لی ۔ عدالت عظمیٰ نے غیرفعال پی سی او جج زاہد حسین کی ریٹائرمنٹ ہونے پر ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی ہے ۔چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے7 رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس میں پی سی او ججز کی جانب سے اپیلوں کی سماعت کی ، آج اٹارنی جنرل نے جسٹس ریٹائرڈ عبدالحمید ڈوگر کا معافی نامہ پیش کیا جسے عدالت نے قبول کرلیا اور ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی روکدی ، ایک غیر فعال جج زاہد حسین کے وکیل ایس ایم ظفر نے اپنے موکل کی ریٹائرمنٹ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ صدر نے زاہد حسین کو ریٹائر کردیا ہے ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اچھی بات ہے کہ غلطی کا احساس ہوگیا ہے ، عدالت نے زاہد حسین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کا فیصلہ بھی دے دیا ، غیر فعال ججز حسنات احمد اور شبر رضا کے وکیل ڈاکٹر باسط نے عدالت سے درخواست کی کہ اس مقدمہ کے فیصلے تک چار رکنی بنچ میں توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کارروائی روکی جائے ۔ عدالت نے انہیں مشترکہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت21 مارچ تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے یہ ہدایت بھی دی کہ فرد جرم کی کارروائی21 مارچ کے بعد کی جائے ۔