5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت سندھ سیلاب متاثرین کیلئے40کروڑ ڈالر قرض لے گی،قیصر بنگالی
جنگ نیوز -
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے منصوبہ بندی اور ترقیات قیصر بنگالی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ سیلاب متاثرہ علاقوں میں دریاؤں اور نہروں کے پشتوں کی مرمت سمیت سڑکوں کی بحالی کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے40 کروڑ ڈالر کا قرضہ لے گی۔ کراچی میں میڈیا بریفنگ میں قیصر بنگالی نے بتایا کہ قرض کے حصول کے لئے حکومت سندھ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ یہ قرض32 سال کے لئے ہے اور مرمت اور بحالی کا کام آئندہ 33 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اس قرض پر شرح سود لندن انٹر بینک آفر ریٹ کا اعشاریہ 5 فی صد ہوگا۔قیصر بنگالی نے مزید کہا کہ کہ سیلاب سے تین ہزار ایسے بڑے گاؤں تباہ ہوئے جس میں 43 گاؤں کی بحالی کا کام حکومت سندھ کررہی ہے جبکہ یو این او ایک ہزار 600 گھر، ترکی کی حکومت20 ہزار گھر شکار پور میں، اور ایرانی حکومت ٹھٹھہ میں ایک ہزار گھر تعمیر کرائے گی۔قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں عالمی معیار کی سات شاہراہیں قائم کی جارہی ہیں، جس میں کراچی کو اسلام کوٹ سے ملایا جائے گا، جس سے تھر کول تک رسائی ہو جائے گی۔