5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ہنگو میں پولیس چوکی کے قریب بم دھماکہ، الطاف حسین کی مذمت
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومٹ کے قائد الطاف حسین نے ہنگو میں ریلو ے روڈپولیس چوکی کے قریب بم دھماکے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں متعدد افراد کے جاں بحق وزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ بم دھماکہ کرنے والے سفاک دہشت گرد ملک و انسانیت کے کھلے دشمن ہیں انہوں نے کہاکہ جودہشت گرد عناصر دہشت گردی کی یہ سفاکانہ کارروائیاں کررہے ہیں وہ پاکستان کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں جواپنی دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ملک کوتباہ وبربادکرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امن دشمن و ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے معصوم انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کر کے اسے غیرمستحکم کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ الطاف حسین نے صد ر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم سید یوسف گیلانی اور وزیر داخلہ رحمن ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگومیں دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کوجنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔ الطاف حسین نے بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی جلدصحتیابی کیلئے بھی دعاکی۔