5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لیبیا: کئی علاقوں پر حکومت مخالفین کاقبضہ ، عبوری حکومت بھی بنالی
جنگ نیوز -
طرابلس … ایک عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے ملک میں شورش پر قابو پانے کیلئے وینزوویلا کے صدر کا امن فارمولا قبول کرلیا ۔ ادھر بن غازی شہرمیں مخالف رہنماؤں نے عبوری قومی حکومت کے قیام کا اعلان کردیا ہے ۔ لیبیاکے منحرف وزیرانصاف مصطفی عبدالجیل کو30 رکنی عبوری حکومتی کونسل کا سربراہ منتخب کیا گیاہے ۔ کونسل کے ترجمان نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ قذافی حکومت کی فورسز اور کرائے کے سپاہیوں پر فضائی حملے کئے جائیں ۔قذافی حکومت پر عالمی دباؤ بھی بڑھتا جارہا ہے ۔ امریکا کے دو جنگی بحری جہاز بحیرہ روم پہنچ چکے ہیں ۔ کینیڈا ، برطانیہ ، فرانس ، اٹلی اور جنوبی کوریا نے بھی جنگی جہازوں کولیبیا جانے کیلئے تیار رہنے یا روانگی کا حکم دے دیا ہے ۔ ادھر عرب ٹی وی کے مطابق معمر قذافی اور عرب لیگ نے شاویز کا امن فارمولا قبول کرلیا ہے ۔ تاہم عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسیٰ کا کہنا ہے کہ امن فارمولا ابھی زیر غور ہے اور اسے منظور یا مسترد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔