5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت فرانس کی جانب سے شہباز بھٹی کے قتل کی مذمت
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری/نمائندہ جنگ… فرانس کے صدر نکولاسرکوزی وزیر خارجہ الان یوپے نے فرانسیسی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان کے اقلیتی امور کے وفاقی وزیر شہباز بھٹی کو قتل کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ فرانس دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سینئر سیاسی راہنماؤں کے قتل کے دوسرے واقعہ پر حکومت فرانس پاکستان سے افسوس کرنے کے ساتھ ساتھ دھشت گردی کے ان واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے ، کوئی یہ بات قبول نہیں کرتا کہ کسی انسان کو صرف اسکے نظریات کی بنا پر قتل کردیا جائے ہم شہباز بھٹی کو بھرپور خراج تحسین پیش کر تے ہیں وہ ایسے سیاسی راہنما تھے جنہوں نے بڑی بہادری سے خطرات کے باوجود اقلیتوں کے حقوق کے دفاع کیلئے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لئے بھرپور کام کیا ۔ بیان کے مطابق فرانس کے اسلام آباد سفارت خانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہباز بھٹی کے قتل پر ان کے جذبات اور افسوس حکومت پاکستان اور شہباز بھٹی کے لواحقین تک پہنچائیں ۔