5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ معاملہ : امریکاپاکستان کیخلاف سفارتی و معاشی کارروائی کرسکتا ہے
جنگ نیوز -
واشنگٹن …فارن ڈیسک… برطانوی خبررساں ادارے رائٹر نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اگر پاکستان کے ساتھ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کا حل جلد نہ ہوا تو واشنگٹن سزا کے طور پر پاکستان کیخلاف سفارتی اور معاشی محاذ پر کارروائی کرسکتا ہے۔حکام کے مطابق امریاکا بطور سزایو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کو دی جانیوالی امداد اور پاکستانیوں کیلئے امریکی ویزوں کااجراروک سکتا ہے۔اس کے ساتھ امریکا میں بعض پاکستانی سفارتی اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دیکر ملک بدر بھی کیا جاسکتاہے۔رائٹرز نے دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ فی الحال کسی قسم کی پابندیاں نہیں لگائی جارہیں لیکن اگر معاملات پوائنٹ آف نوریٹرن تک پہنچ گئے تو پاکستان کو دباؤ میں لانے کیلئے اقدامات خارج از امکا ن نہیں ۔ امریکی قومی سلامتی کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں قتل کے الزام میں گرفتار سی آئی اے اہلکار کی رہائی کی کوششیں کر رہا ہے۔حکام نے کہا کہ انہیں یقین ہے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان نجی گفتگو میں ریمنڈ ڈیوس کے واقعے کے بعد پاکستان میں پیدا ہونے والے امریکامخالف بیانات کو ٹھنڈا کیا گیا۔ اس کی گرفتاری کے بعد امریکی اور پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعلقات کو کشیدہ بنا دیا ہے ۔گزشتہ ہفتے سی آئی اے کے ڈائریکٹر لیون Panetta اپنے پاکستانی ہم منصب انٹر سروسز انٹیلی جنس کے سربراہ جنرل احمدشجاع پاشا کے ساتھ ڈیوس کا معاملہ اٹھایا،جس کے بعد پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے میں امریکا کو محدود پیش رفت نظر آتی ہے۔