5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گرفتارامریکی شہری کی درخواست ضمانت، فیصلہ7مارچ تک محفوظ
جنگ نیوز -
پشاور...پشاور کی مقامی عدالت نے گرفتار امریکی شہری ایرن مارک ڈی ہیون کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سات مارچ تک محفوظ کرلیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج الطاف الرحمان نے ایرن مارک ڈی ہیون کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ ایرن کے وکیل علی رضا نے عدالت کو بتایا کہ ایرن ورکنگ ویزے پر پاکستان آیا تھا۔ اس کا ویزہ اکتوبر2010 کو ختم ہوچکا ہے۔ ایرن نے ویزہ میں توسیع کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔ اس لئے چودہ فارن ایکٹ کے تحت اسے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری طرف سرکاری وکیل گوہرعلی نے عدالت کو بتایا کہ ایرن کا ویزہ ختم ہوچکا ہے اور وہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔ جبکہ وزارت داخلہ دو دفعہ ایرن کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔ اگر عدالت نے ایرن کو ضمانت پر رہا کیا تو یہ اس کے ویزے میں توسیع کے مترادف ہے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سات مارچ تک محفوظ کرلیا۔ اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایرن کی درخواست مسترد کی تھی۔