5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مقتول وفاقی وزیر شہباز بھٹی سپرد خاک
جنگ نیوز -
فیصل آباد…آنجہانی وفاقی وزیر شہباز بھٹی کو فیصل آباد میں ان کے آبائی گاؤں خوش پور میں آہوں اور سسکیوں کے دوران سپرد خاک کردیا گیا،ان کی آخری رسومات مقامی چرچ میں ادا کی گئی۔ اس سے پیشتر ان کی دعائیہ تقریب میں وزیر اعظم ،غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ،شہباز بھٹی کی میت کو گزشتہ دو دن سے اسلام آبادمیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں رکھاگیاتھا۔ قومی پرچم اور آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے پرچم میں لپٹے میت کے تابوت کو مقتول وزیر کے بھائیوں کے حوالے کیا گیا، جہاں سے اسے فاطمہ چرچ لے جایاگیا۔ شہباز بھٹی کے بھائی کاکہناہے کہ ان کے بھائی کی ہلاکت پاکستان کیخلاف ایک سازش ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع فاطمہ چرچ کے اردگرد علاقہ میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ، جبکہ دعائیہ تقریب میں آنجہانی وزیر کی نڈھال والدہ، غمزدہ اہل خانہ، رشتہ دار اور آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے عہدے دارشریک ہوئے۔ امریکی سفیر، برطانوی ، کینیڈین ہائی کمشنر سمیت متعدد سفارتکاروں کے علاوہ چوہدری شجاعت حسین سمیت سیاسی شخصیات بھی چرچ آئیں ۔ اس موقع پرخطاب میں وزیراعظم نے آنجہانی وزیر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور اقلیتوں کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ میت کو بعد میں اسلام آباد کے ہیلی پورٹ لے جایا گیا جہاں اسے قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ، فیصل آبادکی تحصیل سمندری میں واقع شہباز بھٹ کے آبائی گاؤں خوش پوربھجوادیا گیا۔