تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو باآسانی 9وکٹوں سے شکست دیدی

جنگ نیوز -
ڈھاکا…ورلڈ کپ کرکٹ 2011 کے 19میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلا دیش کو باآسانی 9وکٹوں سے شکست دے دی۔ آج بنگلا دیش کا بہت ہی برا دن رہا، ویسٹ انڈین بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے19ویں اوور میں بنگلا دیشی بیٹنگ 58رنز پر سمیٹ دی۔ میر پور کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ماضی میں کالی آندھی کہلائی جانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے بولرز نے بنگلا دیشی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاد یئے اور پوری ٹیم 18.5اوورز میں صرف 58رنز بناکر ڈھیر ہوگئی ۔جنید صدیق(25) اور محمداشرافل(11) کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔کیماروچ نے 3، سلیمان بین4 اور کپتان ڈیرن سیمی نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز کرس گیل اور ڈیون اسمتھ نے کیا۔ 29رنز کے مجموعی اسکور اسمتھ 6رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد کرس گیل نے براوو کے ساتھ مل کر ہدف حاصل کرلیا۔ گیل 37رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اپنی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بنگلا دیشی شائقین نے شدید غم و غصہ کا اظہارکیا اور پلے کارڈ گراؤنڈ میں پھینکے۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش کا ون ڈے میچز میں کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل 2008میں آسٹریلیا کے خلاف 74رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی 58رنز ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر چوتھاکم ترین اسکورہے۔اس سے قبل کینیڈا 2003کے ورلڈ کپ میں 36رنز، 1979کے ورلڈ کپ میں 45جبکہ نمیبیابھی 2003کے ورلڈ کپ میں 45رنز بناسکی تھی۔ ان ٹیموں کے میچ بالترتیب سری لنکا، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.