5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مارگلہ ائیرکریش کی تحقیقات ،حادثہ کا ذمہ دار پائلٹ قرار ،ذرائع
جنگ نیوز -
کراچی…ملکی تاریخ کے ہولناک ترین فضائی حادثے مارگلہ ائیرکریش کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق حادثہ کاذمہ دارپائلٹ کوقراردیاگیاہے۔ائیربلونے تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرنے کامطالبہ کیا ہے۔گذشتہ سال 28 جولائی کی صبح کراچی سے پروازکرنے والا ائیربلوکا ایربس اے 321 طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں پرگرکر تباہ ہواطیارے میں سوارعملے سمیت تمام152افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ایروائس مارشل ریاض الحق نے جیونیوز کو بتایا کہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ ہفتہ حکومت کو پیش کردی جائے گی ۔پاکستان میں فضائی حادثات کی رپورٹ عام کرنے کی کوئی روایت نہیں ۔تاہم ائیربلو کے جنرل منیجر مارکیٹنگ راحیل احمدنے مطالبہ کیاہے کہ حادثے کی تحقیقات سے عوام کوبھی آگاہ کیا جائے ۔جاں بحق مسافروں کے ورثا کیلئے نجی ایرلائن ائیربلونے 50 لاکھ روپے فی کس معاوضے کا اعلان کیا،فضائی حادثات میں مرنے والوں کیلئے ملکی تاریخ میں دیا جانے والا یہ سب سے بڑامعاوضہ ہے ۔تاہم حادثے کے 7ماہ بعد بھی اب تک صرف 21 خاندانوں کو معاوضہ مل سکا ہے۔ائیربلوطیارہ حادثہ کی تحقیقات سے آگاہ ایک اہم ذریعے نے جیونیوز کو بتایا کہ ملک میں اس سے پہلے ہونے والے فضائی حادثات کی طرح اس حادثے کی ذمہ داری بھی جاں بحق پائلٹ پرڈال دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں کاک پٹ سے باہرہونے والی غلطیوں کامکمل احاطہ نہیں کیا گیا ۔ رپورٹ میں حکومت کی ایوی ایشن پالیسی اورسول ایوی ایشن اتھارٹی کے طریقہ کارمیں موجود خامیوں، ایرلائن کی کمزوریوں اورحادثے کا سبب بننے والی دیگر وجوہات کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے ۔