5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نوشہرہ، مسجد میں دھماکہ، شہید ہونیوالوں کی تعداد 11ہوگئی
جنگ نیوز -
نوشہرہ…ضلع نوشہرہ کے علاقہ اکبر پورہ میں واقع اخون پنجو بابا مزار کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں11 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہوئے۔ضلع نوشہرہ کے علاقہ اکبر پورہ میں اخون پنجو بابا مزار کی جامع مسجد میں دھماکا اس وقت ہوا۔ جب نماز جمعہ کے بعد لنگر تقسیم کیا جا رہا تھا۔ زخمیوں کو امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی اخون پنجو بابا کے عقیدت مندوں نے نوشہرہ اور پشاور کے اسپتالوں کو منتقل کرنا شروع کر دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدر ہوتی، صوبائی وزرا اور آئی جی پی پولیس فیاض طورو نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم بم کے ذریعہ کیا گیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں دو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد مسجد کے محراب کے قریب پڑی الماری کے نیچے رکھا گیا تھا۔دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ مسجد کی دیواروں میں داراڑیں پڑ گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اخون پنجو بابا کے عقیدت مندوں نے ہنگامی بنیادوں پر مسجد سے ملبہ ہٹایا اور باجماعت نمازعصر ادا کی۔اس موقع پر دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا بھی کی گئی ۔