5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ڈی جی ایف آئی اے برقرار
جنگ نیوز -
اسلام آباد...حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کا کنٹریکٹ فوری ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سپریم کورٹ سے لی گئی تین دن کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے اور وفاقی حکومت نے اپنے فیصلے سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش نہیں کی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے عدالت کے اطمینان کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کو این آئی سی ایل ، اسٹیل ملز اور کرپشن کے دیگر مقدمات سے الگ کر دیا جائے گا۔ عدالت میں وسیم احمد کا کنٹریکٹ جاری رکھنے کے لیے یہ موقف اپنایا جائے گا کہ ان کی قومی سلامتی سے متعلق اہم معاملات میں خدمات درکار ہیں۔ حج کرپشن کیس کی سماعت کے دوران کیس کی غیر تسلی بخش تفتیش پرچیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں خصوصی لارجر بینچ نے کئی مرتبہ ڈی جی ایف آئی اے کے بارے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ گزشتہ سماعت پر جب عدالت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے کہا کہ وہ آدھ گھنٹے میں ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کے کنٹریکٹ بارے فیصلہ کر کے عدالت کو بتائیں تو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے وکیل حفیظ پیزادہ کی درخواست پر عدالت نے حکومت کو تین دن کی مہلت دی تھی جو آج ختم ہو رہی ہے ۔