تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پنجاب بھر میں میٹرک کے امتحانات شروع، 20لاکھ امیدوار شریک

جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب میں میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہوگئے ہیں۔ آٹھ تعلیمی بورڈز کے زیر انتظام20 لاکھ سے زائد طلبہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں ۔پنجاب کے آٹھ تعلیمی بورڈز میں لاہور ، سرگودھا ، بہاولپور ، راول پنڈی ، گجرانوالہ ، ڈیرہ غازی خان ، ملتان اور فیصل آباد بورڈ شامل ہیں ۔ پہلی مرتبہ آٹھوں بورڈز کمپیوٹر کے ذریعے منسلک کئے گئے ہیں اور ایک ہی ڈیٹ شیٹ کے تحت امتحانات ہورہے ہیں ۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے امتحانی مراکز کو چیک کرنے کیلئے مرکزی مانیٹرنگ سیل اور اسپیشل اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں ۔ نقل کے خاتمے کیلئے ضلعی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں ۔لاہور میں ساڑھے چارلاکھ سے زائد طلبہ امتحانات دے رہے ہیں ۔ اس مرتبہ کمپیوٹر سے رول نمبر سلپ کے اجرا میں کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ بورڈ انتظامیہ نے امتحانی مراکز پرتعینات سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ ایسے امیدوار جن کے ایڈمٹ کارڈ میں کوئی غلطی ہو انھیں پرچہ دینے کی اجازت دی جائے ۔ لاہور بورڈ نے امتحانات کو شفاف بنانے اور امتحانی مراکز کے معائنے کے لیے موبائل انسپکٹرز تعینات کئے ہیں جو نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کام کریں گے ۔ دوسری جانب کچھ طلبہ کا کہنا ہے کہ انھیں اب تک ایڈمٹ کارڈز نہیں ملے جبکہ بورڈ انتظامیہ کا موقف ہے کہ تمام امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ فراہم کر دیے گئے ہیں ۔ لاہور کے علاوہ بہاولپور میں بھی کئی طلبہ نے اب تک ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے کی شکایت کی ہے ۔ملتان بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات میں1ایک لاکھ12 ہزار590 امیدوار شرکت کررہے ہیں ۔ جھنگ میں68 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ۔ ای ڈی او تعلیم اعظم کاشف ملک نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا ۔فیصل آباد میں ایڈمٹ کارڈز کے اجرا اور درستگی کا کام ابھی تک جاری ہے جس کی وجہ سے طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ سرگودھا میں198 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں ایک لاکھ52 ہزار281 امیدوار امتحانا ت میں حصہ لے رہے ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.