29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حج پالیسی منظورقرعہ اندازی ختم ، درخواستوں کی وصولی15اپریل سے ہوگی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے حج پالیسی2011کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت حج اخراجات میں تقریبا26 ہزار روپے کمی جب کہ کرایوں میں5 ہزار روپے اضافہ کر دیا گیا ہے ۔اس سال قرعہ اندازی کے بجائے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امورسید خورشید شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال نو فری حج ہوگا، رحمان ملک اگر کسی کو بھجوانا چاہیں تو ادائیگی پہلے کرنا ہو گی۔ وفاقی وزیرمذہبی امور سید خورشیدشاہ نے حج پالیسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال1لاکھ80ہزارعازمین حج کی درخواستیں15اپریل سے10مئی تک وصول کی جائیں گی ۔ پی آئی اے اورسعودی ایئرلائن نے حج کرایوں میں5ہزار روپے اضافہ کردیاہے۔شمالی علاقوں کیلئے حج کرایہ2لاکھ12ہزار جبکہ جنوبی علاقوں کیلئے 2لاکھ روپے ہو گا ۔حج اخراجات کے لیے ہر حاجی کو کم از کم900 ریال ساتھ لے جانا ہوں گے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج اخراجات کو2 لاکھ12 ہزار روپے کر دیا ہے جو پچھلے سال2 لاکھ38 ہزار روپے تھے جبکہ ساؤتھ کے لیے حج کا خرچہ2 لاکھ روپے ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ حرم سے کچھ فاصلے پر رہائش کا کرایہ 3600 ریال ہو گا جب کہ حرم کے قریب رہائش4 ہزار ریال میں حاصل کی جا سکتی ہے ۔ حجاج کی انشورنس4 سو روپے میں کی جائے گی جس کے تحت جاں بحق ہوجانے والوں کے لیے2لاکھ،شدیدزخمی کے لیے ایک لاکھ اور معمولی زخمی کے لیے50ہزار روپے کی ادائیگی کی جائے گی ۔سرکاری اور پرائیوٹ حج کوٹہ بڑھا کر90،90ہزار کردیاگیاہے۔ بنکوں میں درخواست اور رقم جمع کرانے کا وقت اور تاریخ ہی حج پر جانے کی بنیاد ہو گا ۔قرعہ اندازی اس سال ختم کر دی ہے اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر فیصلہ کیا جا ئے گا۔سید خورشید شاہ وفاقی وزیر مذہبی اموروزیرمذہبی امور کا کہناہے کہ اس سال180ڈاکٹر اور300پیرامیڈیکل اسٹاف جبکہ سعودی عرب کے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کوبطور خدام لیاجائے گا۔ اس سال خواتین حجاج کے لیے دو عبایا ساتھ لے جانا ضروری ہوں گے جن پر پاکستانی جھنڈابنا ہوگا، سفری بیگ بھی صرف سبز رنگ کے ہوں گے۔وزیرمذہبی امور نے اعلان کیاکہ اس سال نوجیالا،نو مستانہ ،نو متوالا اور نو میڈیا فری حج ہوگا۔