29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
وزیر اعلیٰ سندھ کا جرائم کی شرح میں کمی کا دعویٰ معنی خیز ہے،ثروت اعجاز
جنگ نیوز -
کراچی…سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کا دعویٰ کرنے والے وزیر اعلیٰ بتائیں کہ ایک سال کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھنے والے300 افراد کے قاتلوں کو عوام کے سامنے کیوں نہیں لایا جا رہا۔کراچی سے جاری بیان میں سنی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نام نہاد ٹارگٹ کلرز کے بجائے حکومت اس میں ملوث حقیقی ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔سیاسی مصلحت پر ٹارگٹ کلرز کو تحفظ فراہم کرنے کا سلسلہ بند کیا جانا چاہیے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔اس کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تین ماہ میں جرائم کی شرح میں80 فیصد کمی ہونے کا دعویٰ معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں ٹارگٹ کلرز اور بھتہ مافیا آزاد ہیں جبکہ پولیس اور امن و امان کے دیگر ادارے اپنے دفاتر میں محصور بن گئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی صورتحال پر سندھ کی تمام سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔