29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اسلام آباد: سی ڈی اے اور نجی کمپنی کا مشترکہ رہائشی منصوبہ کالعدم قرار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں54 ایکٹر اراضی پر سی ڈی اے اور ملٹی پروفیشنل ادارے کے مشترکہ رہائشی منصوبے کو کالعدم قرار دے کر وفاقی ترقیاتی ادارے کو منصوبہ خود مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سیکٹر ای الیون میں54 ایکڑ اراضی پرمشترکا منصوبے کے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ منصوبہ سی ڈی اے قوانین کے مطابق نہیں۔ سی ڈی اے کا بورڈ خود ترقیاتی کام کرا کے اس منصوبے کو مکمل کرے۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ ایک ماہ کے اندرجمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نجی کمپنی منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات کی واپسی کے لیے قانونی چارہ جوئی کر سکتی ہے۔