تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

الزمات لگانے والوں کو ہمارے مقتولین نظر کیوں نہیں آتے،متحدہ

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ شہرکے مختلف علاقوں میں گینگ وار ، لینڈ مافیا ، منشیات فروش اور جرائم پیشہ مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے 9کارکنان کے بہیمانہ قتل اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر میں عام آدمی سے لیکر تاجر ، صنعتکار ، فنکار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جرائم پیشہ عناصر کی کھلی دہشت گردی اور قتل و غارتگری سے محفوظ نہیں ہیں اور گزشتہ دنوں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم محمود آبادسیکٹر کے کارکنان آصف علی شہید، منیر احمد شہید، محمد نعیم شہید ،ایم کیوایم قصبہ علیگڑھ سیکٹر یونٹ 125 کے کارکنان محمد حبیب شہید، محمد وقاص شہید محمد ظہیر شہید ،ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے کارکنان سرفرازعلی شہید ،محمدرضا شہیداور ایم کیوایم معمار سیکٹر کے سینئر کارکن شہباز قریشی شہید کو فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کرنے کی وارداتیں شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور ایم کیوایم کے پرامن کارکنان کو مشتعل کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کے استحکام ، سالمیت اور جمہوریت کے فروغ کیلئے جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں کارکنان سمیت زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے بہیمانہ قتل پر صبر و برداشت سے کام لے رہی ہے اور ان واقعات کی نشاندہی مسلسل حکومت اور متعلقہ حکام کو کرتی آرہی ہے تاہم جرائم پیشہ دہشت گردو ں کی دیدہ دلیری اور قتل و غارتگری کی مسلسل کارروائیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں فری ہینڈ دیدیا گیا ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ وہ عناصر جو ایم کیوایم پر ہی شہر میں قتل و غارتگری کا جھوٹا اور بلاجواز الزام لگاتے آئے ہیں انہیں ایم کیوایم کے کارکنان کی شہادتیں کیوں دکھائی نہیں دیتی ہیں ؟ اور انہیں ایم کیوایم کے کارکنان کے بہیمانہ قتل پر سانپ کیوں سونگھ گیا ہے ؟ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قربانیاں شہر میں قیام امن اور ملک کے استحکام اور سالمیت کیلئے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔ انہوں نے کارکنان و عوام سے اپیل کی کہ وہ قتل و غارتگری کے اوچھے ہتھکنڈوں پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیں ۔ حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح گینگ وار ، لینڈ مافیا ، منشیا ت فروش اور جرائم پیشہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے 9کارکنان کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر میں قتل و غارتگری ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کی سرگرمیوں کی سرپرستی کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کا فی الفور قلع قمع کیاجائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.