29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اسلامی شعائر کی توہین کے پیچھے صیہونی ذہن کار فرما ہے ،حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ توہین رسالت اورقرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک کارستانیوں کے پیچھے صیہونی ذہن کار فرما ہے جس کا مقصددنیا کو ایک نئی عالمی صلیبی جنگ میں جھونکنا ہے ۔دنیا بھر کے امن پسندوں کو جنگ و جدل کے اس پلان کے خلاف صف آراء ہو نا ہوگا اور ان بین الاقوامی دہشت گردوں کو روکنا ہوگا لہذا تمام اہل وطن صیہونی سازشوں کے خلاف پرامن صدائے احتجاج بلندکرکے غیرت ایمانی کا عملی ثبوت فراہم کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ہفتہ عظمت محمد و آل ِ محمد کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ علامہ موسوی نے مطالبہ کیا کہ ملعون پادری اور اس کی پشت پناہی کرنے والے اوبامہ پربین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ چلا یا جائے۔انھوں نے کہا کہ دنیائے کفر کی اس دیدہ دلیری کے پیچھے خود مسلمانوں کی وہ بے حسی کارفرما ہے ۔اگر مسلمان اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے تو آج کسی غیر کو قرآن جلانے اور خاکے بنانے کی جرات نہ ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ نظام الہی اپنے دشمنوں سے نمٹنا جانتا ہے کفر کی کارستانیاں ہم مسلمانوں کی آزمائش ہیں لہذا آزمائش کی اس گھڑی میں شمع توحید کے ہر پرستار کو غیرت ایمانی اور عشق رسول کا بھرپور ثبوت دینا ہوگا یہی دنیا و آخرت میں سرخروئی کی کلید ہے۔