29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی: فنکشنل لیگ کے کارکن کی لاش برآمد، اے این پی رہنماکا محافظ قتل
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں دہشت گردی، فائرنگ اور پر تشددوارداتوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ملیر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو سیاسی کارکن جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملیر کھوکھرا پار میں واقع گولڈ ن گراؤنڈ سے آج صبح ایک نوجوان عبداللہ انصاری کی تشدد زدہ لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کرکے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول مسلم لیگ فنکشنل کا کارکن تھا۔ ملیر کے اسی علاقے میں مہاجر قرمی موومنٹ پاکستان کے مقتول رہنما اختر حسین کی جگہ پارٹی کے نئے مقرر کئے گئے وائس چیئرمین ظفر قائم خانی کے گھر پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا۔ ترجمان کے مطابق مسلح ملزمان نے ان کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور اہل خانہ پر تشدد کے بعد ہوائی فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔اس علاقے میں گذشتہ رات متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سابق کونسلر نعمان بخاری کے قتل کے بعد سے کشیدگی اور کاروبار بند ہے۔ ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی اندھادھندفائرنگ سے نجیب احمدہلاک ہوگیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کے مطابق مقتول پارٹی کے ضلع کے سکیورٹی انچارج جمال آفریدی کا محافظ تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مقتول کو لگ بھگ12 گولیاں ماری گئیں۔ ملیر کے علاقے جناح اسکوائر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فراز اور شہزاد زخمی ہوگئے۔