29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاک افغان انٹیلی جنس تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم گیلانی
جنگ نیوز -
کابل . . . . . وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ پاک افغان مشترکا امن کمیشن کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اس میں اعلی ترین حکام کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے وفد کے ہمراہ افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خفیہ معلومات کا تبادلہ کریں گے۔ انھوں نے افغان تشکیلِ نو میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنے اور افغانستان کے مستقبل کے لیے سوچنے پر زور دیا۔ وفود کی ملاقات کے بعد صدر حامد کرزئی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کوئی بیرونی حل افغانستان کے لیے مناسب نہیں، امن کی کوششوں کے لیے امریکا کی حمایت حاصل ہے۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلہ کے حل کے لیے امریکی حمایت موجود ہے۔ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ افغانستان،پاکستان اور امریکا کے درمیان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔دونوں برادر ممالک ہیں،پڑوسی ہیں اور اب مزید نقصان نہیں برداشت کریں گے۔