تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

کراچی اور لاہور میں کالعدم حزب التحریز کے مظاہرے، لاٹھی چارج اور گرفتاریاں

جنگ نیوز -
کراچی/لاہور…کراچی اور لاہور میں کالعدم حزب التحریر نے مظاہرے کئے، پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔کالعدم تنظیم حزب التحریر نے لاہور میں امریکا کی مخالفت اور خلافت کا نظام لانے کے لئے ریلی نکالی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کر کے ریلی کو منتشر کر دیا اور پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔حزب التحریر کے کارکن ریلی کی صورت میں شمع چوک سے نکلے اور پنجاب اسمبلی کی جانب بڑھے۔ وہ جیسے ہی قرطبہ چوک پہنچے وہاں موجود پولیس کی بھاری نفری نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ اہلکاروں نے ریلی کے شرکا سے جھنڈے اور پوسٹر چھیننے کی کوشش کی جس پر جھڑپ شروع ہوگئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کیا، مظاہرین نے بھی ڈنڈے برسائے۔ جھڑپ میں ایس ایچ اولٹن روڈ خالد فاروق سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ریلی کے شرکا منتشر ہو گئے تاہم پولیس نے پچاس افراد کو گرفتار کر لیا۔کراچی میں بھی کالعدم حزب التحریر کی ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد پولیس نے حزب التحریر کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ کالعدم حزب التحریر کے کارکنان ریگل چوک پر جمع ہوئے اور ریلی نکالنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیااور واٹر کینن سے پانی پھینکا ۔ریلی کے شرکا سے تصادم کے بعد پولیس نے بیس سے زائد کارکنان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ۔شرکا نے پاکستان میں نظام خلافت قائم کرنے کا مطالبہ کیا اورنعرے بازی کی ۔ شرکانے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر خلافت کے حق اور امریکا کے خلاف بعرے درج تھے ۔پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے شرکا کو منتشر کردیا ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.