29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
شعائراسلام کی حرمت پر قوم کا بچہ بچہ قربانی کیلیے تیار ہے ، علامہ موسوی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…دنیا کی کوئی طاقت پیغمبر اسلام ، قرآن اورمشاہیر اسلام کی عظمت کم نہیں کر سکتی جنہیں خدا عزت و سربلندی عطا کرے انہیں شیطانی قوتوں کی شاتمانہ کاروائیاں ہر گزنہیں جھکا سکتیں ۔وطن عزیز پاکستان میں شیعہ سنی اتحا دکے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ’موسوی امن فارمولہ ‘ پر عمل درآمد کیا جائے،عالم اسلام پر استعماری یلغار کے مقابلے کیلئے مسلم ممالک ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں،راہ حسینیت پر چلتے ہوئے شعائراسلام کی عزت و حرمت پر ملت اسلامیہ کا بچہ بچہ کٹ مٹنے کیلئے ہروقت تیار ہے ۔ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ ہفتہ عظمت محمد و آل محمد کی مناسبت سے مرکزی امام بارگاہ شاہ اللہ دتہ میں تحریک تحفظ ولاء و عزا کے چیف آرگنائزر مخدوم نزاکت حسین نقوی کے زیر اہتمام منعقدہ ”عزائے فاطمیہ کنونشن “ کی پہلی نشست میں ہزاروں عزاداروں کی جانب سے منظور کردہ ”اعلان اسلام آباد“میں کیا گیا۔اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان علامہ قمرحیدر زیدی نے قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔جس میں کہا گیا کہ اسلام ہردور میں دشمنوں کا ٹارگٹ رہا ہے عہد حاضر میں روس کی شکست و ریخت کے بعد عالم اسلام پوری دنیائے شیطنت کا واحدہدف بن گیا ہے ۔عالم اسلام پر اس یلغار کے دوران اسلامی تنظیموں عرب لیگ اور اوآئی سی کا کردار صرف خاموش تماشائی کا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کا کردار امریکہ کیلئے صرف ایک لونڈی کا سا ہے ۔عالم اسلام اگر واقعتا ًاپنے مسائل کا حل چاہتا ہے تو اسے سب سے پہلے استعمار کے پٹھو حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔علامہ موسوی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان جو ایٹمی قوت ہونے کے ناطے دنیا کے ہر مظلوم مسلمان کی امیدوں کا مرکزہے کواستعماری چنگل سے نجات دلانا ہوگی ۔ کنونشن کی پہلی نشست سے علامہ نسیم عباس رضوی ،سلطان الذاکرین مداح حسین شاہ دائرہ دین پناہ ،ذاکر الیا س رضا رضوی ،مولانا خادم حسین شاہ گھاگھری ،ذاکر امداد حسین شاہ شیرازی ،ذاکرعلی رضا شاہ داوٴد خیل ،ذاکر مظہر حسین شیرازی ،ذاکر مشتاق حسین شاہ ،ذاکر بشیر حسین سالک ،ذاکر ذکی الحسنین ،مولانا اقبال حسین شاہ بجاڑ،ذاکر تقی عباس قیامت ،ذاکر نور الحسن نوری نے بھی خطاب کیا ۔