29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سٹیزن فار ڈیموکریسی اور شہری حکومت کے اشتراک سے جشن فیض کا اہتمام
جنگ نیوز -
سٹیزن فار ڈیموکریسی اور شہری حکومت کے اشتراک سے جشن فیض کا اہتمام
کراچی… سٹیزن فار ڈیموکریسی اور شہری حکومت کے اشتراک سے برصغیر کے نامور شاعر فیض احمد فیض کے صدسالہ یوم پیدائش کی تقریبات اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئیں ۔ تقریبات میں فیض احمد فیض کے کلام اور انسانیت، دوستی، محبت ،امن اور سماجی انقلاب کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ فیض احمد فیض کے یوم پیدائش کی صد سالہ تقریبات کا سلسلہ صبح سے جاری رہا ۔سٹیزن فار ڈیموکریسی کے تحت آرٹ فار پیس اینڈ پاور کے اسٹال پر بچوں کی تفریح اور انہیں امن و محبت کے پیغام سے آشنا کرنے کے لئے مختلف قسم کی سرگرمیاں کرائی گئیں۔ نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے تحت جمہوری حقوق کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فیض کی شاعری میں موجود امن ترقی، محبت اور دولت کی منصفانہ تقسیم سے متعلق فلسفے اور فکر پر عمل پیرا ہو کر مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔جشن فیض کے موقع پر پاکستان کے صوبوں کی ثقافت کو رنگوں، موسیقی، فن اور دیگر انداز سے اجاگر کیا گیا۔جشن فیض کے موقع پرایک خوبصورت میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔میوزیکل نائٹ کا آغاز ناپا کے فارغ التحصیل طلبا نے کیا اس موقع پر ملک کی معروف فنکار فریحہ پرویز نے فیض احمد فیض کی مشہور زمانہ غزلیں پیش کیں۔میوزیکل نائٹ میں اسٹرنگز اور شہزاد رائے نے اپنے منفرد انداز سے حاضرین محفل کو ناچنے اور جھومنے پر مجبور کردیا ۔میوزیکل نائٹ کی ہنگامہ خیزی کے بعد معروف شاعر افتخار عارف کی صدارت میں مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے شعرا کرام نے شرکت کی۔معروف ادیب اور شاعر منو بھائی کی پنجابی شاعری پر حاضرین محفل نے خوب داد پیش کی ۔ شہری حکومت کے اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے جشن فیض کی تقریبات میں معاشرے کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اور فیض احمد فیض کو انکی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔