29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ویسٹ انڈیز میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز،چانسلر الیون کو 68رنز سے ہرادیا
جنگ نیوز -
سینٹ لوشیا…پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز یونیورسٹیز وائس چانسلر الیون کو68 رنز سے شکست دیدی ۔سینٹ لوشیا کے منڈو فلپ پارک میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے287 رنز بنائے ، پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے101 رنز بنائے، عمر اکمل نے57 ، احمد شہزاد نے49 اور توفیق عمر نے44 رنز بنائے ۔ جواب میں ویسٹ انڈیز یونیورسٹیز وائس چانسلرز الیون کی ٹیم پچاس اوورز میں219 رنز بناسکی ،پاکستان کیلئے عبدالرحمن نے چار جبکہ تنویر احمد ، وہاب ریاض اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ لی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین دورے کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا خوش آئند ہے، انتخاب عالم نے سینٹ لوشیا سے جیو نیوز سے گفتگو میں ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور عمر اکمل نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، احمد شہزاد کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم21 اپریل کو دورے کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔