29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پی آئی اے میں 2009کے دوران سوا4ارب کی بدعنوائی ہوئی
جنگ نیوز -
کراچی …راجہ کامران …سال 2009 کے دوران پی آئی اے میں فلائٹ آپریشن، مصنوعات کی خریداری اور دیگر معاملات میں 4 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کی بدعنوانی کی گئی۔آڈیٹر جنرل آ ف پاکستان کی پی آئی اے سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ادارے کو سب سے زیادہ خسارہ امریکی ساختہ طیارے بوئنگ 777 کے استعمال کی وجہ سے ہوا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے پرانے طیاروں کی جگہ بوئنگ 777 کا استعمال کرنے کا فیصلہ اخراجات میں کمی کے لئے کیامگر آڈیٹر جنرل نے یہ اعتراضات مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیصلے کی وجہ سے پی آئی اے کو منافع دینے والے روٹس خسارے کا شکار ہوئے۔ اسلام آباد برمنگھم کے روٹ پر طیارے کی تبدیلی سے قومی فضائی کمپنی کو ایک ارب 15 کروڑ روپے، لاہور مانچسٹر روٹ پر 66 کروڑ 47 لاکھ روپے جبکہ کراچی لندن روٹ پر اضافی پروازوں سے 9کروڑ 13لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ کراچی سے امریکا براہ راست پرواز کے لئے خریدے گئے بوئنگ 777-200 ای آر طیاروں کو یورپ روٹ پر چلانے سے پی آئی اے کو مالی سطح پر 32 کروڑ 43 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں جب تیل کی قیمت 44 ڈالر فی بیرل تھی پی آئی اے نے ایندھن کی ہیجنگ 120 ڈالر فی بیرل پر کی جس سے ادارے کو ایک ارب 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔