29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈاکٹر ممتاز کے قتل کیخلاف بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال
جنگ نیوز -
بولان...بولان میڈیکل کالج کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حیدرکے قتل پر بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں آج ڈاکٹروں کی ہڑتال ہے ، اور او پی ڈیز بند ہیں ۔بولان میڈیکل کالج میں فزیا لوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حیدرکو28 مارچ کو اغوا کیا گیا تھا۔ ان کی لاش گذشتہ روزکوئٹہ کے نواحی علاقے شالکوٹ سے ملی جس پر گولیوں کے نشانات تھے ۔ ڈاکٹر ممتاز کے قتل پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان شاخ نے3روزہ سوگ کااعلان کیا ہے ۔ اس سلسلے میں آج سول اسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال سمیت صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں ،او پی ڈیز میں کام بالکل بند ہے،تاہم ایمرجنسیز اور وارڈز میں ڈاکٹر موجود ہیں ۔ صدر پی ایم اے بلوچستان ڈاکٹر مزار خان کے مطابق ڈاکٹر ممتاز حیدر کے قتل پر سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کل بھی جاری رہے گی اور صرف ایمرجنسی میں کام ہوگا۔ ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دوسری جانب بولان میڈیکل کالج بھی آج بند ہے ۔