29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت تھیلاسیمیا میں مبتلا بچی کے علاج میں معاونت کرے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے عوام خصوصاًمخیرحضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ تھیلاسیمیا کے مرض میں مبتلامیرپورخاص کی9سالہ معصوم بچی حسنہ کاشف بنت سیدکاشف کے علاج کے سلسلے میں مالی معاونت کریں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ حسنہ کاشف کے والدین انتہائی غریب ہیں اورتھیلاسیمیاکے مرض کے علاج کیلئے ڈاکٹروں نے بون میرو ٹرانسپلانٹیشن تجویزکیاہے جس پر 32لاکھ کے اخراجات آرہے ہیں جس کاانتظام کرنااس معصوم بچی کے غریب والدین کیلئے نہایت مشکل ہے ، ایم کیوایم اپنی بساط کے مطابق مددکررہی ہے ۔انہوں نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد ،وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اورحکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ حسنہ کاشف کے علاج کے سلسلے میں مالی مددکریں ۔انہوں نے مخیرحضرات سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس معصوم بچی کے علاج کے سلسلے میں مالی معاونت کریں۔اس سلسلے میں یوبی ایل کے اکاوٴنٹ نمبر103-2570-2 نیوٹاوٴن برانچ میرپور خاص میں عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ مزیدتفصیلات کیلئے بچی کے والدسیدکاشف سے موبائل نمبر0334-2801196 پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ حسنہ کاشف کوصحت کاملہ عطاکرے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے صوما لی قزاقوں کے ہاتھوں کپتان وصی حسن سمیت چار پاکستانیوں کے اغواء پر گہری تشویش کا اظہا ر کیا ہے ۔ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ صومالی قزاقوں نے گزشتہ 6ماہ سے بحری جہاز کے کپتان وصی حسن سمیت 22افراد کو یر غمال بنا رکھا ہے جن میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صومالی قزاقوں کی جانب سے یر غمالیوں کی رہائی کیلئے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا جارہاہے اور تاوان کی عدم ادا ئیگی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ جس کے باعث متاثرہ خاندان کے افراد شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں ۔الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیاکہ کپتان وصی حسن سمیت چار پاکستانیوں کی رہائی کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں او ر یرغمالیوں کی رہائی کیلئے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔