29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان کو بجلی کی فروخت ، بھارتی حکام کی لاعلمی
جنگ نیوز -
نئی دہلی…بھارتی حکام نے پاکستان کو بجلی فروخت کرنے کی پیشکش سے متعلق پاکستانی سیکرٹری تجارت کے بیان پر حیرانی ظاہر کی ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق دلی میں وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو بجلی فروخت کرنے کی کوئی پیشکش اُن کے علم میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ27 اپریل کو ہونے والے پاک بھارت سیکرٹری تجارت مذاکرات کا ایجنڈہ اوپن ہے ۔ کوئی بھی فریق کسی بھی معاملے پر بات کرسکتا ہے ۔ اب یہ بات اجلاس میں ہی سامنے آئے گی کہ پاکستانی حکام کے ذہنوں میں کیا بات ہے، بھارتی اخبار کے مطابق اِس وقت بھارت کو مصروف اوقات میں بارہ فیصد بجلی کی قلت کا سامنا ہے ۔ اس کے باوجود وہ غیر مصروف اوقات میں پاکستان کو تقریبا500 میگاواٹ بجلی فراہم کرسکتا ہے ۔ اس سے پہلے بھی سارک گرڈ کے ذریعے پاکستان کو بھارت سے بجلی کی فراہمی زیر بحث آچکی ہے لیکن تعلقات میں رکاوٹوں کی وجہ سے یہ معاملہ ابتدائی بات چیت سے آگے نہیں بڑھ سکا تھا۔