29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
شاعر مشرق علامہ اقبال کی 73ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے
جنگ نیوز -
کراچی...شاعرِ مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی73 ویں برسی کراچی سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مفکرِ پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کی73 ویں برسی آج نہایت عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے ایک معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ بحیثیت سیاستدان ان کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریہٴ پاکستان پیش کرنا ہے جو بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔علامہ اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کوغفلت سے بیدار کرکے نئی منزلوں کا پتہ دیا۔ ان کی شاعری روایتی انداز و بیاں سے یکسر مختلف تھی کیونکہ ان کا مقصدبالکل جدا اور یگانہ تھا ۔انھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونک دی جو تحریکِ آزادی میں بے انتہا کارگر ثابت ہوئی۔
اپنی مِلّت پر قیاس اقوام مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی
علامہ اقبال نے تمام عمر مسلمانوں میں بیداری و احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں مگر ان کوششوں کی عملی تصویر دیکھنے سے پہلے وہ اس پیغام کے ساتھ 21 اپریل1938 میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
بے معجزہ دنیا میں ابھرتی نہیں قومیں
جو ضرب کلیمی نہیں رکھتا وہ ہنر کیا