29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کوئٹہ: ڈاکٹر ممتاز کے قتل کے خلاف تمام سرکاری ڈاکٹر وں کی ہڑتال
جنگ نیوز -
کوئٹہ...بولان میڈیکل کالج کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹرممتاز حیدرکے قتل پر بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں تیسرے روز بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری رہی اوراو پی ڈیز بند ہیں ۔بولان میڈیکل کالج میں فزیا لوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حیدرکو19اپریل کو قتل کردیا گیا تھا ۔ ڈاکٹر ممتاز کے قتل پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان شاخ نے3روزہ سوگ کااعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں آج تیسرے روز سول اسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال سمیت صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں ۔ او پی ڈیز میں کام بالکل بند ہے، تاہم ایمرجنسیز اور وارڈز میں ڈاکٹر موجود ہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دوسری جانب پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حیدر کے قتل کے سوگ میں بولان میڈیکل کالج بھی تین روز سے بند ہے۔