29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی:لیاری کے علاقے گھاس منڈی میں دھماکا ،16افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…لیاری کے قریب گھاس منڈی میں رمی کلب میں دھماکا ہوا ہے جس کینتیجہ میں16 ہلاک اور30افرادسے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔زخمیوں میں شدید زخمی بھی موجود ہیں اورمزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔دھماکے کی نوعیت کا معمہ ابھی حل نہیں ہوا ہے اور کسی ذمہ دار نے ابھی دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پرگہراگڑھاپڑگیا دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریب واقع عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی۔متعددافرادچھرے لگنے سے زخمی ہوئے۔سول اسپتال کے ایم ایل او کے مطابق اسپتال میں لائے گئے 35زخمی افرادمیں سے10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ رمی کلب کے دھماکے کے3 زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیاگیاہے جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔رمی کلب میں دھماکے سے اندرونی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جہاں چپلیں اور جوتے بکھرے پڑے ہیں ،زخمیوں اور ہلاک شدگاکا خون بھی پھیلا ہوا ہے۔ پولیس اہلکار اور افسران شواہد جمع کر رہے ہیں جبکہ عمارت کے بیرونی حصے کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ریسکیو ذرائع نے16افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔قریب واقع اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذکردی گئی ہے۔