29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی پورٹ ٹرسٹ:تجاوزات کے خلاف آپریشن،اراضی واگزار
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 8 ایکڑ اراضی خالی کرانے کے لئے شروع کیا گیا رینجرز، پولیس، اینٹی انکروچمنٹ سیل اور کے پی ٹی کے عملے کا مشترکہ آپریشن 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد مکمل کر لیا گیا۔انسداد تجاوزات پولیس سیل حکام کے مطابق 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران 8 ایکڑ کی اراضی کو قبضہ مافیا سے آزاد کرایا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کوئی نا خوش گوار واقعہ پیش آیا۔ حکام کے مطابق آپریشن کے دوران زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے مکانات کو منہدم کیا گیا۔ اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کے پی ٹی کے اسٹیٹ مینجر راشد اکرام نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اربوں روپے کی قیمتی اراضی پر قبضہ کر کے دو سے چار لاکھ روپے میں پلاٹس فروخت کئے جا رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ قبضہ مافیا سیاسی شخصیات کی سرپرستی میں نکاسی و آب کی جگہ پر مٹی بھر کر مکانات کی تعمیر کرا رہے تھے جس کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کے پی ٹی کی قیمتی اراضی پر دوبارہ قبضہ نہ ہو سکے۔