29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی :ن لیگی رہنما سردار رحیم کے ریسٹورنٹ پر نامعلوم افراد کا حملہ
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی میں نامعلوم افراد نے کلفٹن میں واقع مسلم لیگ ن کے رہنماسردار رحیم کے ریسٹورنٹ پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی ہے ، پولیس نے تین شرپسندوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔پولیس کے مطابق واقعہ کلفٹن کے علاقے میں بلاول چورنگی کے قریب پیش آیا ۔ٹی پی او کلفٹن طارق دھاریجو کے مطابق کچھ شرپسندنعرے لگاتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار رحیم کے ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہاں توڑ پھوڑ شروع کردی، اس دوران انہوں نے ہوٹل کے شیشے اور فرنیچر کو نقصان پہنچا یا اور ہوٹل میں کام کرنے والے افراد پر تشدد بھی کیا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شرپسند افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔اس دوران پولیس نے3 شرپسندوں کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد سندھ نیشنل پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔مسلم لیگی رہنما سردار رحیم بھی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔