29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھارت :پروفیسر چشتی کی رہائی کیلئے مہیش بھٹ اور کلدیپ نائر کی اپیل
جنگ نیوز -
چندی گڑھ…فارن ڈیسک… مشہورفلم ساز مہیش بھٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ اور معروف صحافی کلدیپ نیئر نے پنجاب کے گورنر شیو راج پاٹل سے ملاقات کی اور پاکستانی پروفیسر سید محمد خلیل چشتی کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ کراچی یونی ورسٹی کے شعبہ مائیکرو بیالوجی کے سابق 80سالہ معمر پروفیسرڈاکٹر خلیل کو قتل کے ایک مقدمے میں اجمیر کی ایک عدالت نے بیس برس تک سماعت کے بعد گزشتہ جنوری عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس وقت وہ اجمیر کی جیل میں ہے۔ کلدیپ نیئر نے بتایا کہ ڈاکٹر خلیل پاکستانی شہری ہیں اور 1992 میں وہ اپنی بیمار والدہ سے ملنے کے لیے اجمیر آئے ہوئے تھے۔ ان کی رہائشگاہ کے ہمسائے میں کچھ لوگوں میں لڑائی ہوگئی۔ لڑائی کے دوران کسی نے گولی چلا دی جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔اس واقعے میں کئی لوگ ملوث تھے چونکہ اس وقت موقع پر ڈاکٹر خلیل بھی موجود تھے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اس کا کیس بیس برس تک چلا اگرچہ وہ ضمانت پر جیل سے باہر تھے لیکن انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں تھی۔وہ ایک معمر اور کئی عارضوں کا شکار ہیں بغیر مدد کے وہ چل پھر نہیں سکتے۔ اس لیے وہ گورنر سے ملے کہ انسانی بنیادوں پر ان کو رہا کردیا جائے۔نیئر کے مطابق بھارتی آئین کی دفعہ161 گورنر کو اجازت دیتا ہے کہ وہ کسی کو معاف کردے یا سز اکو معطل کردے یا ان کی سزا میں کمی کردے۔نیئر اور بھٹ یونین ہوم منسٹر پی چدم بارام سے بھی ملے اور اس مسئلے کو اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ پاٹل پہلے ہی اس مسئلے کو حل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ پاٹل کہا کہنا ہے کہ خلیل چشتی کی بیٹی آمنہ چشتی نے کینیڈا سے رحم کی اپیل دی ہے۔