29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
بجلی کی پیداوار بڑھ گئی، لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آسکی
جنگ نیوز -
لاہور…ملک میں بجلی کی قلت3995میگاواٹ ہوگئی جبکہ ملک میں بجلی کی طلب16ہزار49اور پیداوار12ہزار54میگاواٹ ہے۔پیپکو کے مطابق ہائیڈل سے3931،تھرمل سے1825،آئی پی پیز سے6326،آر پی پی سے62 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔کراچی کے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں تین سے ساڑھے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ صنعتی علاقے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔ کے ای ایس سی کے ترجمان کے مطابق کراچی میں بجلی کی طلب گرمی کی شدت میں اضافے میگاواٹ2400ہوچکی ہے۔ کیسکوترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے42گرڈ اسٹیشنوں کو12سو میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ صوبے کو دستیاب بجلی چھ سو میگا واٹ ہے اور چھ سو میگا واٹ بجلی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ کیسکو لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق کوئٹہ میں چھ گھنٹے ، ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں دس گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب کیسکو کی جانب سے جاری کردہ شیڈول سے برعکس کوئٹہ شہرمیں چھ سے آٹھ ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں چودہ سے سولہ اور دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ پشاورسمیت خیبر پختونخوا میں بجلی کا شارٹ فال720 میگا واٹ تک جا پہنچا ہے۔ پشاور سمیت صوبہ بھر میں پیسکو کی لوڈ شیڈنگ شیڈول کے برعکس غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں سات گھنٹوں کی بجائے10سے12گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں9 گھنٹے کی بجائے16 سے18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پشاورکے اکثرعلاقوں اٹھارہ سے بیس گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔