29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ملک میں شدید گرمی کی لہر، عوام بے حال ، کاروبار متاثر
جنگ نیوز -
حیدرآباد…ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کو امتحان میں ڈال دیا ہے۔کئی کئی گھنٹے جاری رہنے والی لوڈ شیڈنگ سے عوام کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثرہور ہے ہیں ۔حیدرآباد سمیت گردونواح میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔جبکہ دن میں جاری چورہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ لاڑکانہ میں جاری لوُ نے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا ہے۔میرپور خاص کے شہری علاقوں میں گرمی کی شدت ، حبس اور لوڈشیڈنگ کے باعث روزہ مرہ معمولات کے علاوہ کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑگئی ہیں ۔گھوٹکی، ڈہرکی ، میرپور ماتھیلو میں غیر اعلایہ لوڈشیڈنگ اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ نوابشاہ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، دن بھر گرم ہوا کے تھپیڑوں کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں سناٹا ہے جبکہ بجلی کی دن سے بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی ہے۔جیکب آباد اور دادو سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرمی اور لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ملتان میں دس جبکہ فیصل آباد، بہاول پور، ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھ سے بارہ گھنٹوں تک جاپہنچا ہے۔بلوچستان کے علاقوں نصیر آباد ،جعفرآباد،جھل مگسی اور سبی سمیت بیشتر علاقوں میں گرم ہوائیں اور تیز دھوپ سے عوام بے حال ہیں۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن،پشین زیارت،ژوب اور دیگر علاقوں میں پندہ سے بیس گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔خیبر پختون خواہ کے علاقوں نوشہرہ ،چارسدہ اور دیگر علاقوں میں گرمی کے موسم میں لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔