29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
مظفر آباد میںآ ئندہ بھی مسلم کانفرنس حکومت بنائے گی،سردار صدیق
جنگ نیوز -
پیرس…رضاچوہدری…مسلم کانفرنس یورپ کے صدر سردار صدیق نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں بھی مسلم کانفرنس سب سے زیادہ سیٹیں جیتے گی اور مظفر آباد میں حکومت بنائے گی۔مسلم کانفرنس یورپ کے صدر سردار صدیق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس کی قیادت مخلص ہاتھوں میں ہے جو لوگ محض ذاتی مفادات کیلئے مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر ایک ایسی جماعت میں شامل ہوگئے ،جس کے پاس آزاد کشمیر میں انتخابی اُمیدوار بھی نہیں اِن کے پچھتانے کا وقت آپہنچا ہے کیوں کہ اِن مفاد پرستوں نے محض اس لیے مسلم کانفرنس جیسی نظریاتی جماعت کو چھوڑ کر مسلم لیگ نواز میں شمولیت کی تھی کہ اِس جماعت کی حمایت سے پنجاب سے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی9سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے کسی اتحاد میں شامل ہوکر اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھ سکیں گے،اب پنجاب میں مسلم لیگ ن کی گرتی ہوئی مقبولیت نے اِن کے اس خواب کو بھی دھندلا دیا ہے اور اِن سیاسی یتیموں کا مستقبل تاریک نظر آنے لگا ہے۔ اور اب پنجاب میں مسلم لیگ نواز خود لرز رہی ہے اس لیے آزاد کشمیر کے یہ سیاسی یتیم محض الزام تراشی پر زندہ ہیں اور آئندہ انتخابات میں اِن کو اپنی شکست واضح طور پر نظر آرہی ہے۔سردار صدیق نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اِن بھگوڑوں کو آزاد کشمیر کے عوام پہچاننے سے بھی انکار کردیں گے اور یوں اس طرح کے سیاسی یتیم اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔