29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
نئے اتحاد کا مقصد ن لیگ کا راستہ روکنا اور مشرف کو بچانا ہے،احسن اقبال
جنگ نیوز -
کراچی…مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں ہے،ان کا کہنا تھا کہ نئے اتحاد کا مقصد این ار او کا دفاع، ن لیگ کا راستہ روکنا اور جنرل مشرف کو بچانا ہے۔مسلم لیگ ن سندھ کی آرگنائیزنگ کمیٹی کے رکن اسماعیل راہو کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا،میاں شہباز شریف نے کراچی کو علیحدہ صوبہ بنانے کا کبھی مطالبہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق نے اٹھارویں ترمیم کی کمیٹی کے اجلاس کے دوران نئے صوبوں کو موخر کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ صنعتی انقلاب کے ذریعے ملک سے جاگیردارنہ نظام کا خاتمہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ مفادات کی سیاست کرنے والی جماعتیں اکھٹی ہورہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے30 اپریل کو خانہ شماری کے خلاف سندھ کے قوم پرست جماعتوں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ۔