29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی میں بحریہ کی بس پر ایک اور حملہ،لیڈی ڈاکٹر سمیت3جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے کارساز میں پی ایف میوزیم کے قریب پاک بحریہ کی بس کو ایک بار پھر دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک لیڈی ڈاکٹر سمیت3افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں شارع فیصل پربری طرح ٹریفک جام ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق بحریہ کی بس کو پی ایف میوزیم سے شارع فیصل پر آنیوالے راستے پر پیٹرول پمپ کے قریب گٹر میں نصب دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے نیوی کے دو اہلکار اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگئے ۔ نیوی اہلکاروں میں ایک لیڈی ڈاکٹر اور ایک لیفٹیننٹ شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں بس میں سوار مسافروں اور پاس سے گذرنے والی گاڑیوں میں موجود کم از کم15افراد زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ یہ دھماکا بالکل اسی نوعیت کا ہے جو گذشتہ دو روز قبل ڈیفنس اور بلدیہ ٹاوٴن میں سامنے آیا۔ دھماکے کی وجہ سے بس کی ڈرائیور کی طرف والاحصہ شدید متاثر ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد شارع فیصل پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں اور ٹریفک جام ہو گیا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے شروع کر دیئے۔