29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی،بحریہ کی بس پر بم حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد5ہوگئی
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے کارساز کے قریب پی این ایس مہران کی بس پر حملے میں چار نیوی اہلکاروں سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوگئے ۔ ۔پولیس کے مطابق دھماکا صبح سوا آٹھ بجے کے قریب پی ایف میوزیم میں جانے والے راستے پر پیٹرول پمپ کے قریب گٹر میں نصب دھماکا خیز مواد کے ذریعے کیا گیا جس کے ذریعے پاک بحریہ کی بس کونشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں چار نیوی اہلکار اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگئے۔ایس ایس پی ایس آئی یو راجہ عمر خطاب نے بتایا ہے کہ یہ دھماکا بالکل اسی نوعیت کا ہے جو گذشتہ دو روز قبل ڈیفنس اور بلدیہ ٹاوٴن میں سامنے آیا۔دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 18افراد کو جناح اسپتال اور نیوی کے اسپتالوں میں منقتل کیا گیا۔جہاں ڈاکٹروں اور اعلی حکام کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہیں۔دھماکے کی وجہ سے بس کی ڈرائیور کی طرف والاحصہ شدید متاثر ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد شارع فیصل پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں اور ٹریفک جام ہو گیا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے شروع کر دیئے ہیں۔اورحکام نے حال ہی میں گرفتار کیے گئے کالعدم تنظیموں کے ملزمان سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات 21 اپریل سے ابتک کراچی میں 5دھماکے ہوچکے ہیں جن میں پاک نیوی کو 3بار نشانہ بنایا گیاہے ،اور پے درپے شرپسندی کے ان واقعات نے سیکورٹی اقدامات کی قلعی کھول دی ہے۔