29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ق لیگ پنجاب میں نئے صوبوں کی حامی،سندھ کی تقسیم کی مخالف
جنگ نیوز -
لاہور… مسلم لیگ ق نے صوبے ہزارہ اور پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت جبکہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی حکومت میں شمولیت کا عندیہ دیا ہے۔ ق لیگ کے رہنما چودھری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساڑھے تین سو سیاست دانوں اور پارٹی لیڈروں سے بھی حکومت میں شمولیت کے بارے میں صلح مشورہ کرچکے ہیں، چاروں صوبوں کے پارٹی عہددیداروں نے مشاورت کے بعد حکومت میں شمولیت کا اختیار دے دیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف سے بھی مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شمولیت کے لئے صوبہ ہزارہ اور جنوبی پنجاب میں نئے صوبے ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے لیکن ہم سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر ملک و قوم کی بہتری کے لئے پیپلزپارٹی کے ساتھ شامل ہورہے ہیں، وزارتوں اور مشاورتوں کا کوئی لالچ نہیں ، ملک کو مسائل سے نکالنا اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سے زیادہ ہماری نظر میں پاکستان کے عوام کی حالت زار میں بہتری کے لئے کوشش کرنا اہم ہے۔