29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
پاک فضائیہ ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، ایئرچیف راوٴقمر
جنگ نیوز -
اسلام آ باد…پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایئرچیف مارشل نے رسال پور میں پاک فضائیہ کی اکیڈیمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ ، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے آگاہ ہے ، قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں فضائیہ کا کردار قابل تحسین ہے ، فضائیہ نے مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی میں بھی پاک فضائیہ نے قابل قدر کردار ادا کیا ہے ، ایئرچیف مارشل نے کہا کہ ہتھیارضروری ہوتے ہیں لیکن جنگ کو جذبے اور حوصلے سے جیتا جاتا ہے اور پاک فضائیہ ہر خطرے سے نمٹنے کو تیار ہے، اس سے پہلے اکیڈیمی سے جی ڈی پی ،انجینئرز اور ایئرڈیفنس کے گریجویٹس اور کمیشن حاصل کرنے والوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی ، مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں اعزازت بھی تقسیم کئے۔