29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ڈیفنس ویو میں چوری کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے،متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی…حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ خوش بخت شجاعت نے ڈیفنس ویو میں چوری،ڈکیتی ،رہزنی اوردیگرجرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ڈیفنس میں جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے فوری طور پراقدامات بروئے کار لائے جائیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈیفنس ویو میں گزشتہ کئی ماہ سے ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی وارداتوں سے علاقے کے مکینوں میں عدم تحفظ اوربے چینی بڑھ رہی ہے اوروہ وارداتوں کی روک تھام کیلئے سراپااحتجاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈیفنس ویوکے مکین مختلف واقعات میں اب تک بھاری نقدرقم اور قیمتی زیورات اورلاکھوں روپے مالیت کے دیگر سازو سامان سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران ان وارداتوں کے دوران کئی جانیں بھی جاچکی ہیں۔علاقے کے مکینوں کی جانب سے متعددمرتبہ پولیس وانتظامیہ کوشکایات کے باوجودشہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کے کوئی اقدامات دیکھنے میں نہیںآ رہے ہیں جواس بات کاثبوت ہے چھینا جھپٹی ،ڈکیتی ،رہزنی اوردیگرجرائم کے واقعات کے روک تھام کیلئے حکومت موثر اقدامات کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔محترمہ خوش بخت شجاعت نے ڈکیتی ،رہزنی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کیخلاف سراپااحتجاج علاقے کے مکینوں سے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیفنس ویومیں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورشہریوں کے جاں ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس بنیادوں پراقدامات بروئے کارلائے جائیں۔دریں اثناء نیشنل اسٹوڈینٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر راجہ صبا ء نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کیاہے ۔یہ اعلان انہوں نے کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں حق پرست رکن اسمبلی سلیم بٹ کے ہمراہ جمعرات کے روز مظفر آباد پریس کلب میں پر یس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایم کیوایم مظفر آباد کے زونل انچارج ملک تنویر ، جوائنٹ انچارج خورشید کیانی ، کمیٹی کے دیگر اراکین قیو م خان ، چوہدری یعقوب ، مصطفیٰ ملک ، عمران پذیر،شوکت کاظمی ،ذیشان حیدر ، ندیم کھوکھر ، شاہد یعقوب س، ملک اعجاز ساور دیگر ذمہ داران بھی موجو د تھے ۔راجہ صباء نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے نظریہ حق پرستی اور فکر وفلسفے نے غر یب و متوسط طبقے کی عوام میں دکھی انسانیت کے جذبے کو متعار ف کرا یا جس سے متاثر ہو کرآج میں اور میرے دیگر ساتھی ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ اس موقع پرحق پرست رکن اسمبلی سلیم بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین 63سالوں سے رائج ملک میں فرسودہ جاگیر دارانہ اور و ڈیرانہ نظام کیخلاف ہیں انھوں نے راجہ صباء اور انکے ساتھیوں کا تحریک میں شمولیت پر خیرمقدم کیا۔