29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی، بلدیہ ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے نتیجے میں متعدد افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ جاری ہے۔بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے آج صبح سے ہی علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا اس دوران 200 سے 250 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ آپریشن کے دوران علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صبح کے وقت کام پر جانے والے اور اسکول کے بچے اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تاہم کئی گھنٹے سے جاری اس آپریشن میں رینجرز حکام نے کسی بڑی کامیابی کی تصدیق نہیں کی ہے۔کراچی میں رینجرز اس سے پہلے بھی بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، لیاری سمیت کئی علاقوں میں آپریشن کر چکی ہے تاہم انھیں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔