29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی: بحریہ کی بسوں پر حملوں کے بعد آج سکیورٹی کے سخت انتظامات
جنگ نیوز -
کراچی…افضل ندیم …کراچی میں تین دن کے دوران پاک بحریہ کی تین بسوں کو بموں سے نشانہ بنائے جانے کے بعد آج حساس تنصیبات کے اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پاک بحریہ، ایئرفورس اور پاک فوج کے دفاتر اور افسران و اہلکاروں کے رہائشی علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے علاوہ متعلقہ مختلف اداروں کے سکیورٹی ونگ بھی گشت کر رہے ہیں۔ شارع فیصل ، ڈالمیا روڈ، لکی اسٹار، صدر، ملیر بلدیہ ٹاؤن،کیماڑی،کلفٹن ڈیفنس،کورنگی اور دیگر علاقوں میں پاکستان آرمی، ایئرفورس اور پاکستان نیوی کے علاوہ میری ٹائم،کوسٹ گارڈز اور دیگر فورسز کی سکیورٹی کے شعبوں کے اہلکار اپنی اپنی گاڑیوں میں گشت کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستان رینجرز اور پولیس کی گاڑیوں بھی صبح سویرے سے ہی گشت کرتی اور مختلف مشکوک افراد کی چیکنگ کرتی رہیں جبکہ ان اداروں کے اسٹاف کو دفاتر تک بھی تبدیل پالیسی کے تحت پہنچایا جارہا ہے۔