12 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:37
پاکستان میں جگرکی پیوند کاری کا پہلا کام یاب آپریشن کر لیا گیا
جنگ نیوز -
لاہور…شیخ زید اسپتال لاہور کے لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر میں سرکاری سطح پر پاکستان میں جگرکی پیوند کاری کا پہلا کام یاب آپریشن کیا گیاہے،جس کے لئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک نوجوان نے اپنا جگر عطیہ کیا تھا، شیخ زید ٹرانسپلانٹ سنٹر کا دعویٰ ہے کہ سرکاری سطح پر جگر کی پیوند کاری کا یہ پہلا آپریشن ہے جو 8 گھنٹوں تک جاری رہا، تمام سرجن پاکستانی تھے، لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر کے لئے ڈاکٹر طارق بنگش کو خصوصی طور پرایک سال قبل برطانیہ سے پاکستان لایا گیا ہے،ڈاکٹر عامر لطیف اور مقامی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جگر کی پیوند کاری کے آپریشن میں ڈاکٹر طارق بنگش کا ساتھ دیا۔ ڈسکہ کے 42 سالہ عامر رضا کے جگر کی پیوند کاری کے لئے کچھ عرصہ قبل ٹریفک کیحادثے میں جان بحق ہونے والے ایک نوجوان کا جگر لگایا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق عامر رضا جگر کی پیوند کاری کے کام یاب آپریشن کے بعد رو بصحت ہیں۔