تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:23

فاٹا میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت، صدر نے اصلاحات بل پر دستخط کردیئے

جنگ نیوز -


اسلام آباد...صدر مملکت آصف علی زرداری نے فاٹا اصلاحات بل پر دستخط کردیئے ۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے ایف سی آر 2011کے ترمیمی بل اور پولیٹیکل پارٹیزآرڈرپردستخط کیے۔صدر آصف زرداری نے دونوں حکم ناموں پر وزیراعظم کی جانب سے سمری موصول ہونے پر دستخط کیے۔فاٹا اصلاحات کے بل پر دستخط کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی ، جس میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر ،وفاقی کابینہ کے اراکین ،سفارتکاروں، فاٹاسے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی ۔تقریب میں مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے نمایندوں نے بھی شرکت کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002کادائرہ قبائلی علاقوں تک وسیع کردیاگیا،جس کے تحت قبائلی علاقہ جات میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق ایف سی آر میں ترامیم کے تحت ملزم کو ضمانت کا حق خاص ہوگا، گرفتاری کے 24 گھنٹے میں ملزم کو مجاز اتھارٹی کے سامنے پیش کرنے کی پابندی ہوگی، خواتین، بچے، 16 سال سے کم اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشترکہ ذمے داری کے تحت گرفتار نہیں کیا جاسکے گا۔ایف سی آر میں ترامیم کے مطابق مشترکہ ذمے داری کی دفعہ کے تحت کسی بھی پورے قبیلے کو گرفتار نہیں کیا جاسکے گا، کسی بھی قبیلے کے خلاف کارروائی مرحلہ وار کی جاسکے گی، مقدمات کا فیصلہ مقرر کردہ وقت کے اندر کیا جائے گا، گرفتاری سے متعلق ایف سی آر کی دفعہ 40 اے پر قدغن لگائی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام سے کیا گیا وعدہ پوراکردیا ، جس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔ فاٹا ارکان اور تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اصلاحاتی پیکیج پر مکمل اتفاق رائے کا ثبوت ہے، قانونی اور سیاسی اصلاحات سے قبائلی عوام پر صدیوں سے عائد پابندیاں ختم ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کسی نے ماضی میں قبائلی عوام کو سیاسی حقوق دینے کے بارے میں نہیں سوچا،گزشتہ ایک صدی سے کسی نے ایف سی آر میں ترامیم کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا تھا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پر باہر سے مسلط کردہ کوئی بھی نظام بے سود ہوگا، بند دروازے کھول دیے ہیں، قبائلی عوام کو جتنی اصلاحات درکار ہیں اس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.