12 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:23
کے ایس ای میں اُتارچڑھاوٴ، 100انڈیکس11262پوائنٹس پر بند
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے وار کاروبار کے آخری روز بھی سرگرمیاں اتارچڑھاوٴ کا شکا ررہیں۔ جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس گیارہ ہزار 410 پوائنٹس کی سطح پر بھی جاتے ہوئے دیکھا گیا مگر انڈیکس زیادہ دیر تک اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکا۔ اینگرو کارپوریشن کے توقع سے کم مالیاتی نتائج مارکیٹ کو نیچے کی طرف لے گئے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس تین پوائنٹس کی معمولی کمی کے بعد گیارہ ہزار262 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کاروباری حجم 5کروڑ شیئرز رہا۔ سب سے زیادہ کام پاک جین پاور کے شیئر میں ہواجس کی قیمت ایک روپے اضافے کے ساتھ 19 روپے 77 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 48 پوائنٹس اضافے کے ساتھ دس ہزار768 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اتار چڑھاوٴ کا یہ سلسلہ آئندہ ہفتے بھی جاری رہ سکتا ہے۔