12 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:49
متاثرین بارش کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے،رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
جنگ نیوز -
کراچی…ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ہوا جس میں سندھ میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اورا فسوس کااظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سندھ بھر میں بارشوں سے بے گھر ہوجانے والے افراد کی طبی و امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی حکمت عملی طے کی گئی اور خدمت خلق فاؤنڈیشن اور سندھ بھر میں ایم کیوایم کے زونل دفاتر کے تحت بار ش سے متاثرہ خاندانوں کوعارضی رہائشگاہوں ، علاج ومعالہ اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیااور کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم اور اس کا فلاحی ادارہ خدمت خلق فاؤنڈیشن بارش متاثرین کو مصیبت کی گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور ماضی کی طرح بارش متاثرین کیلئے عملی طور پر طبی و امدادی سرگرمیاں انجام دے گی ۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ بارش متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور قائد تحریک الطاف حسین کے فکر وفلسفہ اورنظریئے کے مطابق زیادہ سے زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کے عمل میں حصہ لیں ۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارش سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کی امداد کیلئے ہر سطح پر عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور بارش متاثرین کی بھر پور امداد کی جائے ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی نے کوئٹہ شہر کے علاقے سریاب میں بد ترین آپریشن اور سیاسی کارکنوں سمیت بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں یوسف شاہوانی نے کہاکہ سریاب کے علاقے میں گزشتہ پانچ روز سے آپریشن جاری ہے جس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم مظلوم بلوچ عوام کے ساتھ ہے اور بد ترین آپریشن کے ذریعے بلوچ عوام کے حقوق کی آواز دبانے کے عمل کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سریاب کے علاقے میں آپریشن کے سبب زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے اور بلوچ عوام میں پایا جانے والا احساس محرومی مزید پروان چڑھ رہا ہے ۔ یوسف شاہوانی نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر کے علاقے سریاب میں گزشتہ پانچ روز سے جاری آپریشن ، سیاسی کارکنوں اور بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور سریاب میں جاری آپریشن فی الفور بند کروایاجائے ۔