13 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:33
سندھ میں کمشنری نظام کے خاتمے کے خلاف ہڑتال
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ میں کمشنری نظام کے خاتمے کے خلاف آج صوبے بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے۔ٹنڈو الہ یار میں نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔انڈس ہائی وے پر نامعلوم افراد نے پتھراوٴ کرکے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔حیدرآباد میں تین گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔ قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ضلع حیدرآباد ،جامشورو،ٹنڈو الہ یار،جیکب آباد،بدین سمیت صوبے بھر میں شٹر ڈاوٴن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔صبح ہوتے ہی کھل جانے والی دوکانیں اب تک بند ہیں جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔آج صبح ٹنڈوالہ یار میں نامعلوم افراد نے سبزی منڈی میں گھس کر لوٹ مار کی اور ٹھیلوں کو آگ لگادی جبکہ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے دوران ایک شخص زخمی ہوگیا۔جامشورو کے قریب انڈس ہائی وے پر آئل ٹینکر کو آگ لگادی گئی اور جیکب آباد میں قومی شاہراہ پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کرکے ان کے شیشے توڑ دئے۔جامشورو ٹول پلازہ کے قریب سپر ہائی ویپر بھی نامعلوم افرادنے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا۔سکھر میں رات گئے نامعلوم افرادنے ہوائی فائرنگ کی۔حیدرآباد میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے تین گاڑیوں کو آگ لگادی۔پولیس نے مختلف علاقوں میں تلاشی کے دوران 17 افرد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے پیٹرول سے بھری تھیلیاں برآمد کرلیں۔